مریم کی سیاست پارٹی پر قبضہ کیلئے، چچا کیخلاف تحریک چلا رہی ہیں: فواد چودھری

Aug 17, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاست پارٹی پر قبضہ کرنے کے لئے ہے جبکہ  شہبازشریف کی ترجیح ن لیگ پر اپنا قبضہ مستحکم کرنا ہے جب تک لڑائی ختم نہیں ہوتی وہ اے پی سی میں جاکرکیا کریں گے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اس وقت کوئی سیاسی رول نہیںہے۔ مریم نواز اپنے چچاشہبازشریف کیخلاف تحریک چلا رہی ہیں۔ شہباز شریف کی بھی سیاست مریم نواز کیمپ کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن  اندرونی لڑائی سے فارغ ہوگی تو ہی فیصلہ کر پائے گی۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب عثمان بزدار وزیراعلی پنجاب بن گئے تو پھر کوئی بھی بن سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف مل کر بھی ایک شادی ہال میں جلسہ نہیں کر سکتے، جب تک مریم اور شہباز کی لڑائی ختم نہیں ہوتی وہ اے پی سی میں جاکر کیا کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس پیپلز پارٹی کو ہم جانتے ہیں وہ کبھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہوا کرتی تھی، آج حالت یہ ہے کہ آصف زرداری کو اپنے پیشی پر راولپنڈی میں لوگ نہیں مل رہے، آصف زرداری کروڑوں روپے خرچ کر کے سندھ سے لوگ راولپنڈی لارہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اس کے اتحادی جو کر رہے ہیں وہ بلیک میلنگ کی سیاست نہیں، تمام سیاست کرنے والوں کے اپنے اپنے مفادات ہوتے ہیں۔ چوہدری پرویز الہی پرانے سیاستدان ہیں وہ اپنی سیاست کرتے ہیں۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ اگرعثمان بزدار وزیراعلی پنجاب بن گئے ہیں پھر تو کوئی بھی وزیراعلی بن سکتا ہے ، پنجاب میں تبدیلی آتی ہے تو پھر پوری کی پوری اسمبلی وزیراعلی کی امیدوار ہے، شراب کے لائسنس میں عثمان بزدار کو بلا کر وزیراعلی کے عہدے کی تضحیک کی گئی ہے، ہمیں اداروں کو مضبوط کرنا چاہیے اور وزیراعلی آفس بھی ایک ادارہ ہے، وزیراعلی کے عہدے کی اس طرح تضحیک نہیں کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں