سکھر(بیورو رپورٹ)صالح پٹ میں مگرمچھ کا بچی کو نگلنے کا معاملہ ،دو روز گذر جانے کے باوجود بچی کی تلاش جاری، بچی کے ورثاء نے نہر کنارے ڈیرے ڈال دیئے، کنارے پر ورثاء کی قرآن خوانی، علاقے کی فضا سوگوار، نیوی اور وائلڈ لائف کی ٹیمیں بچی اور مگر مچھ کی تلاش میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ضلع کی تحصیل صالح پٹ میں دو روز قبل نارا کینال پر کپڑے دھوتے ہوئے ایک بارہ سالہ بچی زاہدہ بنت گلبہار خاصخیلی کومگر مچھ کی جانب سے نگل جانے کے واقعہ پر علاقہ کی فضاسوگوار ہے اور بچی کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم 48 گھنٹے سے زائد کا وقت گذر جانے کے باوجود بچی کا کوئی سراغ نہیں لگ سکا ہے اور نیوی اور وائیلڈ لائف کی ٹیمیں بدستور بچی اور مگرمچھ کی تلاش میں مصروف ہیں ۔بچی کے ورثاء نے اس کی تلاش کے لیے نارا کینال کے کنارے پر ڈیرے جما لیے ہیں اور نہر کے کنارے پر باقاعدہ قرآن شریف کی تلاوت شروع کردی ہے جبکہ بچی کے گھر میں کہرام مچا ہواہے۔