کراچی (نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کا یوم آزادی ہمیں اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ہم اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں کوئی قوت پاکستان پر میلی نگاہ رکھے گی تو ہم اسکے خلاف سب سے پہلے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے انہوں نے یہ بات مہاجر رابطہ کونسل کی جانب سے جشن آزادی کے سلسلے میں مقامی ہال میں منعقد ہ ( مشاعرہ ) کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کنوینر و میئر کراچی وسیم اختر،رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیر سید امین الحق کے علاوہ مہاجر رابطہ کونسل کے صدر اے کیو بندھانی،سلیم عکاس اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔مشاعرے کی صدارت شاداب احسانی نے کی جبکہ شعرا کرام نے آزادی کے حوالے سے کلام پیش کیا۔کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا جشن آزادی شایا ن شان طریقے سے مناتی ہیں ہم نے پاکستان بنانے اور اسکی ترقی کیلئے بے مثال کردار ادا کیا ہے غریب اور متوسط طبقے کی قیادت غریب عوام کے حقوق کیلئے ہماری جدو جہد آئینے کی طرح ہے ایوانوں میں بھیجے ہوئے لوگ اسکا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی پاکستان دشمن کا کبھی حصہ نہیں ہو سکتے نہ کسی کو اسکی اجازت دینگے ہم محب وطن قوم اور وطن دشمنوں کو مسترد کرتے ہیں۔ڈپٹی کنوینر و میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم سے زیادہ اس شہر اور صوبے کا کوئی مخلص نہیں ہم پاکستان کی تر قی کا پہیہ چلانے والے لوگ ہیں۔صدر مہاجر رابطہ کونسل اے کیو بندھانی نے کہا کہ مہاجر اور پاکستان ایک دوسرے کی شناخت ہیں اور اس سے زیادہ محب وطن قوم کوئی اور نہیں ہم نے مشاعرے کا انعقاد کر کے ماضی کی ادبی روایتوں کو فروغ دیا ہے ایم کیو ایم پاکستان ملک کی سب سے زیادہ محب وطن اور مخلص سیاسی جماعت کا نام ہے جسے ہر مصائب و مشکلات کا سامنا ضرور رہا ہے لیکن یہ چٹان کی طرح کھڑی رہی ہے اور پاکستان کی سا لمیت اورترقی کی سب سے زیادہ ضامن ہے۔