اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کےمطابق ملک بھر میں کورونا کے488 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک بھرمیں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد13ہزار953 ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار 448 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔
پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ89 ہزار215 اور 6 ہزار 175 اموات ہوئی ہیں۔
سندھ میں ایک لاکھ 26 ہزار 182 کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔ پنجاب95 ہزار447، خیبرپختونخوا35ہزار215، اسلام آباد 15ہزار390، آزادکشمیر2ہزار184، گلگت بلتستان2ہزار502 اور بلوچستان میں 12ہزار295 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 182، سندھ میں 2 ہزار 322، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 239، اسلام آباد میں 173، بلوچستان میں 138، آزاد کشمیر میں 60 اور گلگت بلتستان میں 61 ہو چکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کورونا کے 1308مریض زیرعلاج ہیں اور 141 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
ملک میں کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ اور 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔ 30 شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔
حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے، لیکن کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔
پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے اثرات تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور اگست کے پہلے دس روز میں صرف چھ ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ماضی کی نسبت سب سے کم ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کا تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔