سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ کی میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں نے ایک ہفتے کے دوران ریسٹورانوں، تجارتی مراکز اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے اداروں پر2071 چھاپے مارے ہیں۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق چھاپہ مہم کے دوران مدینہ منورہ کی میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ 1758 کلو گرام غذائی اشیا ضبط کرکے تلف کرائی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ریسٹورانوں اور تجارتی مراکز سے کھانے پینے کی اشیا کے 396 نمونے لے کر میونسپلٹی کی لیباریٹریوں میں معائنے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔میونسپلٹی نے بتایا کہ ماحولیاتی صحت کی ٹیموں نے 432 فیلڈ دورے کیے۔ ٹیموں کے اہلکاروں نے 11966 گھریلو کچرا صاف کرایا اور مدینہ منورہ کے مختلف محلوں میں پڑا ہوا 42187 مکعب میٹر ملبہ ہٹوایا ہے۔ مدینہ منورہ میونسپلٹی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو کھانے پینے کی ناقابل استعمال اشیا کے مضر اثرات سے بچانے کی مہم میں تعاون کریں۔ کہیں بھی کسی بھی غلط سرگرمی کا مشاہدہ کریں تو پہلی فرصت میں 940 پرشکایات سینٹر یا بلدی ایپ 940 پر رابطہ کرکے اطلاع دیں۔