لاہور (کامرس رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا نے کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس معاملات سلجھانے کے لیے بغیر کسی فیس ، ٹیکس مشیر یا وکلاء کی معاونت کی خدمات سے استفادہ کریں۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا کہ قانون کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب 60دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہے، البتہ اوسطا45دن میں فیصلہ کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے نافذ کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو رینڈم آڈٹ کے لیے چالیس سے پچاس ہزار کیسز منتخب کررہا تھا جبکہ ان کی آڈٹ کپیسٹی صرف دس ہزار کیسز تھی چنانچہ یہ سلسلہ ختم کرایا گیا کیونکہ اس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اور کاروباری برادری میں خوف و ہراس پھیل رہا تھا، ان ٹیکس اہلکاروں کے ایکشن لیا گیا جو کاروباری برادری کو ہراساں کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس محتسب کی کوششوں سے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کے لیے ایف بی آر میں الگ یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ کاروباری برادری کے ٹیکس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کا محکمہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔
ایف بی آروفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے نافذ کرنے کا پابند ہے:مشتاق احمد سکھیرا
Aug 17, 2021