تہران (نوائے وقت رپورٹ+این این پی) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ امریکا کی افغانستان میں فوجی ناکامی نے ملک میں دیرپا امن قائم کرنے کا موقع فراہم کیاہے۔افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد امریکی حمایت یافتہ افغان فوج کی شکست کے بعد طالبان نے اتوار کو اکابل کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی نے ابراہیم رئیسی کے حوالے سے کہا ہے امریکا کی فوجی شکست اور اس کے انخلا کو افغانستان میں زندگی ، سلامتی اور پائیدار امن کی بحالی کا موقع بننا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ افغانستان میں استحکام کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور پڑوسی اور برادر ملک کی حیثیت سے ایران چاہتا ہیکہ افغانستان میں تمام گروہ قومی معاہدہ تشکیل دیں۔ افغان شہریوں کے سلامتی‘ استحکام اور فلاح کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہئے۔ افغانستان میں استحکام قائم کرنے کیلئے ایران کوشش کرے گا۔ تمام افغان گروہوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قومی اتفاق رائے پیدا کریں۔ ایران نے سابق صدر حامد کرزئی کی اقتدار کی عبوری منتقلی کے مجوزہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔