بھارت کی کثیر سرمایہ کاری ضائع، قیام سے قبل سے افغان ایجنڈا کیلئے سرگرم تھا 

Aug 17, 2021

اسلام آباد ( عبداللہ شاد) افغانستان میں طالبان کی کامیابی کے باعث بھارت کی کثیر سرمایہ کاری ضائع ہو گئی۔ ہندو حلقے ایک طویل عرصے سے افغانستان میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے کاوشیں جاری رکھے ہوئے تھے، اسی مقصد کیلئے بھارتیہ خفیہ ایجنسیوں کے دفاتر میں ’’افغان سیل‘‘ قائم کئے گئے ، افغانستان میں پراپیگنڈہ اور اپنی عمارات کی تعمیر کیلئے فنڈز کا ایک کثیر حصہ اس تناظر میں مختص کر دیا گیا۔ ہندو حلقے بھارت کے قیام سے بھی پہلے سے افغان سرزمین کو اپنے کنٹرول میں لانے کیلئے پراپیگنڈہ مہم کا آغاز کر چکے تھے۔ اس ضمن میں مشہور بالی وڈ اداکار پرتھوی راج چوہان کے ’’ پرتھوی تھیٹر‘‘ کے ذریعے بھارتی حکمرانوں نے برصغیر جنوبی ایشیاء کے عوام کے اذہان کو ایک منظم اور مسلسل پروپیگنڈے کے ذریعے متاثر کرنے کا عمل شروع کر دیا تھا۔ اس تھیٹر کا کا محرک اور سہولت کار دہلی کا محکمہ اطلاعات تھا۔ دور درشن اور آکاش وانی کی معاونت سے اس پرتھوی تھیٹر نے مختلف ڈرامے تخلیق کئے، ان میں سب سے اہم ڈرامہ ’’پٹھان ‘‘ تھا، جو اپریل 1947 میں تخلیق کیا گیا۔ اس ڈرامے کے ذریعے بھرپور کوشش کی گئی کہ افغانستان کے عوام و خواص میں پاکستان کی بابت منفی سوالیہ نشان کھڑے کئے جائیں۔ یہ ڈرامہ محض ممبئی کے مختلف حصوں میں ہی 600 بار دکھایا گیا، جبکہ پرتھوی تھیٹر نے ہندوستان کے طول و عرض میں اس ڈرامے کو 1013بار نمائش کیلئے پیش کیا ، اور اس ضمن میں تمام تر سپانسر شپ بھارتی وزارت اطلاعات نے کی۔ اس کے بعد سے اب تلک اس ڈراموں کو مختلف شکلوں میں ہزاروں بار دکھایا جا چکا ہے۔ 

مزیدخبریں