لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے افغان عوام اور تحریک اسلامی طالبان افغانستان کو امارت اسلامی افغانستان میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک میں امریکی استعمار کی شکست امت اسلامی کیلئے قابل فخر سنگ میل ہے۔ افغان عوام نے ایک طویل جد و جہد اور بے پناہ قربانیوں کے بعد امریکی استعماری قوت کو شکست دی ہے۔ اس سے پہلے اسی افغان ملت نے انگریز اور روسی طاقتوں کو بھی شکست دی تھی اور گذشتہ 20 سال میں ایک تاریخی جد و جہد کے بعد اب تحریک اسلامی طالبان افغانستان کے سر فروشوں نے امریکی، نیٹو افواج اور اس کی کٹھ پتلی حکومت کو شکست سے دو چار کیا۔ بھارتی حکومت نے جس طرح افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف سازشوں کا مرکز بنایا تھا، اسلامی قوتوںکی فتح نے اس کا بھی قلع قمع کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب اور المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزید براں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں 74 برس سے جبر کا نظام چل رہا ہے۔ وی آئی پی کلچر مدینہ کی ریاست کا حصہ نہیں تھا۔