نئی سپورٹس پالیسی میں کمیٹی کی آرا ء کو شامل کیا جائے گا ، فہمیدہ مرزا 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ آخری مرتبہ سپورٹس پالیسی 2005 میں تشکیل دی گئی تاہم نئی سپورٹس پالیسی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نئی سپورٹس پالیسی میں کمیٹی کی آرا کو شامل کیا جائے گا اور نئی پالیسی قائمہ کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے چیئرمین ملک نواب شیر وسیر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان محبوب شاہ، گل داد خان، گل ظفر خان، حاجی امتیاز احمد چوہدری، روبینہ جمیل، شوکت علی بھٹی ، شاہین ناز سیف اللہ، اقبال محمد علی خان، چوہدری ذوالفقار علی بھنڈر، رانا مبشر اقبال، ذوالفقار علی بیہان، شاہدرہ رحمانی، نصیبہ چناا ور سید فضل حسن سمیت وزارت کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت کے سیکرٹری نے وزارت کے تنظیمی ڈھانچہ،  کارکردگی،دائرہ کار اور وزارت آئی پی سی اور اس کے ماتحت اداروں میں انسانی وسائل کے حوالہ سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت نے صوبوں کے درمیان افہام و تفہیم کیلئے  مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ قائم کیا ہے ۔  

ای پیپر دی نیشن