کراچی (نیوز رپورٹر) جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں انجمن آرائیاں بلدیہ ٹاؤن اور آرائیں ویلفیئر ایسوسی ایشن ضلع غربی کے زیر اہتمام ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمانِ خصوصی صدر انجمن آرائیاں صوبہ سندھ عبدالسلام آرائیں تھے۔کراچی آرائیں ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال میں منعقدہ تقریب کی صدارت صدر آرائیں ویلفیئر ایسوسی ایشن صابر آرائیں اور فنانس سیکرٹری حاجی محمد اسلم آرائیں نے کی ۔ تلاوت قرآن مجید کی سعادت حافظ نعمان محمدی نے حاصل کی اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ملک محمد خلیل نے پیش کی، تقریب میں چھوٹے بچوں کی جانب سے وطن کی محبت میں ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ اختر محمدی آرائیں نے قیام پاکستان کی جدو جہد میں شہدا کرام کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ جنرل سیکرٹری آرائیں ویلفیئر ایسوسی ایشن رضوان شاہد آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے قیام پاکستان کے ہیروز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے خود کو ایک قوم کی حیثیت سے یکجا رہنے کی تلقین کی، بعد ازاں صدر آرائیں ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد صابر آرائیں نے بھی قیام پاکستان اور موجودہ ملکی صورتحال پر ایک جامع اور مفصل خطاب کیا۔ مہمانِ خصوصی صدر انجمن آرائیاں صوبہ سندھ عبدالسلام آرائیں نے بھی اپنے جامع خطاب میں قیام پاکستان کی تاریخ سمیت قوم کو آپس میں یکجا رہنے اور دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی تلقین کی۔ تقریب میں آرائیں ویلفیئر ایسوسی ایشن اور انجمن آرائیاں ضلع غربی کے تمام عہدے داران و ممبران سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس دوران تمام عہدیداران کی جانب سے ایک دوسرے کو روایتی سندھی اجرک بھی پیش کی گئیں، تقریب کے اختتام پر پاکستان کی امن و سلامتی اور شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کرائی گئی۔
انجمن آرائیاں کے تحت بلدیہ ٹاؤن میں جشن آزادی کی تقریب
Aug 17, 2021