چترال میں واقع استور پل جنگی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے، مصطفی کمال

Aug 17, 2021

کراچی (نیوز رپورٹر)  پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ طورخو روڈ، چترال میں واقع استور پل جنگی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے، پل گرنے کی وجہ سے اپر چترال کے لوگ شدید اذیت کا شکار ہیں، عوامی ضروریات کے بنیادی منصوبوں کی تکمیل کے لیے انتخابات کا انتظار نہیں کیا جانا چاہیے۔ سردیوں کے شروع ہوتے ہی اپر چترال کا واحد زمینی رابطہ برف باری کے باعث لوئر چترال سے منقطع ہو جاتا ہے، یہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے وہاں کے لوگ اپنی ضروریات زندگی پوری کرتے ہیں۔ استور پل گزشتہ دو سالوں سے استعمال کے قابل نہیں ہے، ہم پچھلے دو سال سے لگاتار حکمرانوں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ پل کی فوری تعمیر کی جائے لیکن ناعاقبت اندیش حکمرانوں کے کان پہ جوں تک نہیں رینگی۔ ایک پل کے ٹوٹنے سے ایک لاکھ افراد کا دیگر علاقوں سے زمینی راستہ منقطع ہو گیا ہے، برف باری شروع ہوچکی ہے اور علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اشیا خوردونوش کی قلت ہے، چترال کے لوگوں نے آج تک حب الوطنی کا ساتھ نہیں چھوڑا جیسے بھی حالات ہوں وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان آرمی اور حکومت سے درخواست ہے کہ اس کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔

مزیدخبریں