میلبورن(یواین پی) آئی پی ایل پر ایک اور انٹرنیشنل سیریز نچھاور کردی گئی، آسٹریلیا اور افغانستان نے باہمی ون ڈے سیریز ملتوی کردی, مجوزہ ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کیلیے بھی نئی تاریخیں طے کی جائیں گی, کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے پلیئرز کو انڈین لیگ کھیلنے کیلیے این او سی دے دی, ٹاپ کھلاڑی اپنے ڈومیسٹک ایونٹ کے بھی آغاز پر دستیاب نہیں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے دنیا کے ٹاپ کرکٹرز کی اپنی ری شیڈول آئی پی ایل میں شرکت کی راہ سے آخری کانٹا بھی نکال دیا ہے, اس کی فرمائش پر آسٹریلیا اور افغانستان نے بھارت میں ہی شیڈول 3 ون ڈے میچز کی سیریز ملتوی کردی ہے, یہ میچز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے تھے, جس کے بعد مجوزہ طور پر افغانستان, آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز بھی کھیلی جانا تھی۔افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے متحدہ عرب امارات منتقل ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والے لاجسٹک مسائل اور سفری پابندیوں کی وجہ سے اس سیریز کو ملتوی کیا جارہا ہے جبکہ ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کیلیے نئی تاریخ اور وینیو کو جلد فائنل کرلیا جائے گا۔