اشرف غنی ڈالروں سے بھری4 گاڑیاں، ہیلی کاپٹر لے گئے: روسی سفارتخانہ

کابل (انٹرنیشنل ڈیسک‘ نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں روسی سفارتخانے نے انکشاف کیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کابل سے جاتے  ہوئے ڈالرز سے بھری گاڑیاں ساتھ لیکر گئے۔ افغانستان میں روس کے سفارتخانے کے ترجمان نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طالبان کی کامیابیوں کے بعد افغانستان کے صدر اشرف غنی بھاگتے ہوئے امریکی ڈالرز سے بھری ہوئی 4 گاڑیاں‘ ڈالرز سے بھرا ہیلی کاپٹر بھی ساتھ لے گئے۔ جگہ نہ ہونے کے باعث کیش کی بڑی مقدار چھوڑنی بھی پڑی۔ ادھر تاجک وزارت خارجہ نے افغان صدر اشرف غنی کے تاجکستان آنے کی تردید کر دی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اشرف غنی کا طیارہ تاجک فضائی حدود میں آیا نہ تاجکستان میں اترا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے ہم سے کوئی درخواست کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل کا گھیراؤ کرنے کے بعد افغان صدر اشرف غنی اور نائب صدر امراﷲ صالح بذریعہ ہوائی جہاز افغانستان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن