شبیہہ ذوالجناح صدا حسین عزاداری جلوس کی سی سی ٹی وی سے مانیٹرنگ 


لاہور(نامہ نگار) لاہور پولیس نے عزاداری جلوس بابا صدا حسین کے موقع پرکی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام کے تمام عزاداری جلوسوں اور مجالس کو بھرپور سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں۔صدا حسین عزاداری جلوس کی سکیورٹی پر 15سو سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔2 ایس پیز،9 ایس ڈی پی اوز،24 ایس ایچ اوز، 92اپر سب ارڈینیٹس،80 لیڈی پولیس اہلکار اور اینٹی رائٹ فورس کے جوان بھی تعینات تھے۔شبیہہ ذوالجناح صدا حسین کے عزاداری جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ایس پیز،ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران کو عزاداری جلوس اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کا بار بار جائزہ لینے اور نفری کو بریف کرنے کی ہدایت کی۔ایس پی سٹی سرفراز ورک نے مجالس و جلوس ہائے کے سکیورٹی انتظامات کو چیک کیا۔ڈی ایس پی شاہدرہ میاں قدیر اور ایس ایچ او شاہدرہ انسپکٹرقمر عبا س نے پروسیشن کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دوران وزٹ منتظمین امام بارگاہ صدا حسین سے ملاقات کی تمام داخلی اور خارجی راستوں کا جائزہ لیا۔ منتظمین کو سکیورٹی معاملات میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت بھی کی۔
جماعت اسلامی آج مہنگی بجلی کےخلاف احتجاج کرے گی:قیصر شریف 
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور بلوں میں درجن بھر نام نہاد ٹیکسز کی شمولیت کے خلاف جماعت اسلامی آج احتجاج کرے گی۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے خلاف جماعت اسلامی کی جاری ملک گیر تحریک کے سلسلے میں ہونے والے مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ذکراللہ مجاہد اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مظاہرے میں جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان شرکت کر یں گے۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈھٹائی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، مہنگائی کے خلاف لانگ مارچز کرنے والوں کو جب اقتدار ملا تو انھوں نے پی ٹی آئی کے پونے چار سال حکومت کی کسر صرف تین چار ماہ میں ہی پوری کر دی۔ ایک شخص کو ایک ہزار روپے کی بجلی صرف کرنے پر چارہزار ٹیکسز کی صورت میں بھیج دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگی بجلی کے خلاف تحریک کو اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل جاتا۔

ای پیپر دی نیشن