فیصل آباد؍ اسلام آباد؍ ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ننکانہ کے حلقہ این اے 118 اور جبکہ این اے 108 فیصل آباد میں عمران کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض جمع کرائے گئے ہیں۔ این اے 118 میں عمران خان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب علی نے ان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات جمع کروا دیئے۔ الیکشن کمشن کے مطابق عمران خان کے دستخط کسی بھی صفحہ پر آپس میں نہیں مل رہے، ان میں واضح فرق ہے، تصدیق کیلئے ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان کو آج (17 اگست کو) ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ این اے 108 فیصل آباد سے ضمنی الیکشن کیلئے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی پر مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی نے اعتراض داخل کرایا۔ ریٹرننگ آفیسر نے عابد شیر علی کے اعتراضات پر آج (17 اگست کو) سماعت کی تاریخ دی ہے۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے تمام اداروں سے این اے 108سے الیکشن میں حصہ لینے والے تمام 14 امیدواروں کی جائیدادوں اور نادہندگی کی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم عمران خان کے کراچی سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں پر کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کو مسترد کر دیا گیا۔ عمران خان این اے 237 این اے 239 اور این اے 246 سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔