راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل پر جیل میں تشدد کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں، شہباز گل کو برہنہ کرکے مارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ میری شہبازگل سے ملاقات ہوئی ہے، وہ بالکل ٹھیک ہیں، عمران خان سے مل کر انہیں شہباز گل کی صحت کے بارے میں آگاہ کروں گا۔ ہاشم ڈوگرکا کہنا تھا کہ شہبازگل سے کافی سارے لوگوں نے ملاقات کی ہے، شہبازگل وفاق کا کیس ہے، اڈیالہ جیل صرف اس کی کسٹوڈین ہے، پنجاب میں 40 سے زائد جیل ہیں، جیل میں سکیورٹی اور کھانے کا اچھا انتظام ہے۔ وزیرداخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے بیان کی حمایت نہیں کرتا، ایبسلوٹلی ناٹ۔ خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک انٹرویو میں شہباز گل کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔ ہاشم ڈوگر نے کہا شہباز گل اڈیالہ جیل میں خیریت سے ہیں‘ کسی کی مجال نہیں کہ شہباز گل کو انگلی بھی لگائے‘ وہ وفاق کے قیدی ہیں پنجاب حکومت ان کی سزا میں کمی نہیں کر سکتی۔ شہباز گل جب رہا ہونگے تو ان سے پوچھ لیجئے گا کہ کیا میں نے غلط بیانی نہیں کی۔ میں ایک ذمہ دار بندہ ہوں‘ عمران خان کو تسلی دلانا میرا کام ہے‘ سب حالات پر عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کروں گا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون پر پستول تاننے والے ایس ایچ او کو نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔ سب انسپکٹر عابد جٹ نے 25 مئی کو ایک نہتی اور پرامن خاتون پہ پستول تانا تھا‘ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ جنہوں نے زیادتیاں کی ہیں آئندہ چند دن میں ایسی اور بھی کارروائیاں ہوں گی۔ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں جس نے آئین وقانون کی خلاف ورزی کی ہے اس کے خلاف کارروائی ہوگی، اطلاعات ہیں عطا تارڑ نے پولیس کو زائد المیعاد آنسو گیس شیلنگ کا حکم دیا۔ عطا تارڑ سے یہ ہی پوچھنا تھا کہ انہوں نے حکم دیا ہے یا نہیں، عطا تارڑ نے حکم نہیں دیا تو بیشک وہ اپنے گھر آرام سے آئیں جائیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کروں گا جو قصوروار ہوگا کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر ) ہاشم ڈوگر نے نواز شریف کی وطن واپسی کی خبروں پر کہا کہ نواز شریف واپس آتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
شہباز گل ٹھیک ، عمران کو بتا ئوں گا بر ہنہ کر کے تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہو تا
Aug 17, 2022