وطن واپسی پر شاندار استقبال ‘انٹر نیشنل لیول کی ٹریننگ دی جائے : ارشد ندیم 

Aug 17, 2022


لاہور +ساہیوال+میاں چنوں (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+خبر نگار) قومی ہیرو اولمپیئن ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا، ترکش ائیر لائن کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں ارشد کے اہل خانہ سمیت سپورٹس بورڈ کے عہدیداروں، وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور مسعود، ڈی جی سپورٹس محمد طارق قریشی اور ڈائر یکٹر ایڈمن سید حمیر شاہ ‘ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر جنرل (ر) اکرم ساہی و دیگر نے بھرپور استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ ارشد ندیم نے کہاکہ میں اللہ پاک اور پاکستانی عوام کا شکرگزار ہوں جن کی دعاؤں سے میں 2گولڈ میڈل جیتا ہوں۔ میں کوچز، فیڈریشن کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے۔ میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں انٹرنیشنل لیول کی ٹریننگ دی جائے اور اتھلیٹس کیلئے الگ میدان مہیا کیا جائے۔ وزیر کھیل ملک تیمور مسعود نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ملک میں اتھلیٹس کی بھرپور سپورٹ کریں گے اور میاں چنوں میں عالمی معیار کا گراؤنڈ بھی بنائیں گے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اولمپک کیلئے ایک علیحدہ گرائونڈ دے، بین الاقوامی کھلاڑیوں کی طرح پاکستانی اتھلیٹس کو بھی سہولتیں ملنی چاہئیں۔ وسائل دیئے جائیں تو پاکستانی کھلاڑی دوسرے مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیت سکتے ہیں۔ خوشی ہے کہ پاکستان کیلئے دو میڈل جیتے، پاکستانی قوم کی دعائوں کی بدولت گولڈ میڈلز جیتنے میں کامیاب ہوا۔ مقابلوں کیلئے بہت محنت کی اور کامیابی حاصل کی۔ سہولتیں دینے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزیدخبریں