ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی75 سالوں کی ریکارڈ حدوں کو چھو رہی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں نے پاکستان میں قیمتیں کم کرنے کی بجائے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ‘ عوام خودکشیوں پر مجبورہیں۔ملک میں گندم کی30لاکھ ٹن کی کمی ہے۔ خوردنی تیل کا بحران ہے۔ سوئی گیس عوام کو میسر نہیں۔ڈالر کی قیمت میں بے پناہ اضافے کی بدولت ہر شعبہ زندگی پر اثر پڑا ہے اورمہنگائی میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ غریب آدمی کیلئے تین وقت کی روٹی کھانامشکل ہو گیا ہے۔ یہ سب نا اہل حکمرانوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ ہم لوگ روس گئے وہاں پر سستی پیٹرولیم مصنوعات اور سستی گندم کے حصول کیلئے بات چیت کی۔لیکن رجیم چینج کے ذریعے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کردیا گیا۔عمران خان نے سستی پیٹرولیم مصنوعات اور سستا گندم کے حصول کیلئے بات چیت اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لئے کی تھی۔ کیونکہ عمران خان کے دل میں عوام کا درد ہے۔ایک طویل عرصے بعد قوم کو عمران خان کی شکل میں ایماندار اور دیانتدار قیادت میسر ہوئی ہے۔حکمرانوں کو عوام کا درد نہیں۔ بلکہ انہیں اپنی ذات کی فکر ہے۔ عمران خان آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے سوچ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 میں یونین کونسل کائیاں پور میں خواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ‘جنرل الیکشن میں غیر فطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچے گا۔ فقیر کا بیٹا ہوں پیشین گوئی کررہا ہوں‘ اگلے الیکشن میں بلا ایسے چلے گا جیسے 70ء میںتلوار چلی تھی۔ اس حلقے سے ہمارے مد مقابل موسیٰ گیلانی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ میں ان سے صرف ایک سوال کرتا ہوں آپ اس حلقے کے ایم این اے رہے۔ آپ کے والد اس دورمیں وزیراعظم کے منصب پر فائز تھے۔ آپ یا آپ کے والد نے این اے 157 کے لئے کیا کیا؟کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی نے کہا عمران خان کی مقبولیت اس وقت عروج پر ہے۔ ہمارے خاندان کا دامن صاف‘ کوئی شخص ہمارے خاندان پر انگلی نہیں اٹھا سکتا یہی وجہ ہے جس جس یونین کونسل جاتی ہوں عوام کی بھر پور پذیرائی ملتی ہے۔ اس موقع پر خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔