پاکستان کا ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ آسان


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیدرلینڈز کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد ورلڈکپ 2023 میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ آسان ہوگیا۔قومی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے ٹیبل پر 100 پوائنٹس کےساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔پاکستان اگر نیدرلینڈز کےخلاف مزید دو میچ جیت جائے تو کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں 120 پوائنٹس کےساتھ اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ کیلئے ممکنہ طور پر کوالیفائی کرلے گا۔نیدرلینڈز کےخلاف سیریز میں 0-3 کی کامیابی کے بعد پاکستان کی ورلڈکپ سے قبل ہونے والی نیوزی لینڈ اور افغانستان سے ون ڈے سیریز کے نتائج گرین شرٹس کے براہ راست ورلڈکپ کوالیفائی کرنے کے راستے میں دیوار نہیں بنیں گے۔ ورلڈ کپ سپر لیگ میں ایک میچ جیتنے پر ٹیم کو 10 جبکہ برابر ہونے کی صورت میں 5 پوائنٹس ملتے ہیں، شکست کی صورت میں کوئی پوائنٹس نہیں دیا جاتا۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں اگلے برس بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔باقی ٹیموں کو 5 ایسوسی ایٹ ٹیموں کےساتھ کوالیفائرز میں کھیلنا ہوگا جس کی دو ٹاپ ٹیمیں ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی۔


 بھارت میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن