لاہور(سپورٹس ڈیسک )سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے خبر دار کیا ہے کہ فٹبال کی طرح کرکٹ میں بھی چار سال میں ایک بار ممالک ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے اور اس دوران کھلاڑی لیگز کھیلیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اقدامات کرنا ہوں گے کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کو بچانے کےلئے آگے آئے۔
کیونکہ یہ آئی سی سی کی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ کھیل کو اچھے انداز سے چلائے۔ کرکٹ اب فٹ بال کی سمت میں چل پڑی ہے، جس طرح فٹ بال میں ممالک ایک دوسرے کے خلاف نہیں کھیلتے اور چار سال بعد ایک ورلڈ کپ میں ممالک کا آمنا سامنا ہوتا ہے اسی طرح مجھے لگتا ہے کہ کرکٹ میں بھی ورلڈ کپ ہوگا اور باقی وقت میں کرکٹرز لیگز کھیلیں گے۔ اب آئی سی سی کو دیکھنا ہے کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کو کیسے بچانا ہے؟