فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت کی طرف سے اعلان کردہ اجرت نہ ملنے پر مزدوروں کا احتجاج 16ویں روز بھی جاری رہا۔ فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ حکومت کے اعلان کردہ کم از کم اجرت کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے میں بھی ناکام اور فیکٹری مالکان کے سامنے بے بس ہیں۔ محنت کشوں نے اجرت میں اضافے کیلئے 16روز قبل جھنگ روڈ پر ائیر پورٹ چوک میں دھرنا دیا تھا ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ فیکٹری مالکان ان کی اجرت میں اضافہ نہیں کررہے اور انہیں حکومت کی اعلان کردہ کم از کم اجرت بھی نہیں دی جارہی۔ 16روز سے جاری دھرنے کے دوران ضلعی انتظامیہ نے مزدوروں اور مالکان کے ساتھ 2 مرتبہ میٹنگ کی مگر ڈپٹی کمشنر کے نمائندے فیکٹری مالکان کو کم از کم اجرت کے حکومتی اعلان پر عمل درآمد کرنے پر آمادہ نہ کرسکے۔
جبکہ مزدور بھی اپنے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اجرت میں اضافہ نہ ہونے تک دھرنا ختم کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔