کوہلو ( اے پی پی ) صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ریلیف کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں مزید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے پیش نظر شہری آبادیوں کے قریب حفاظتی بندتعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کئے جاسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی ڈاکٹر جمعہ خان مری میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔س موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی ،رسالدار میجر شیر محمد مری ، ایکسیئن آبپاشی عبدالقیوم ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خمیس کھیتران ،میر دوست علی مری ،میر پرویز مری ودیگر موجود تھے۔میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی صوبائی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔کوہلو سمیت مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں ،شہری آبادیوں کے قریب حفاظتی بندات تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ ڈیموں کی صورتحال کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔ڈیموں کے قریب رہائشی آبادی کو ہنگامی صورتحال پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ الرٹ رہے ۔