کراچی (نیوز رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ آج ہم پاکستان کا 75 واں یوم آزادی منارہے ہیں کیا ان پچھترسالوں میں ہم وہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیںجس کے لئے پاکستان وجودمیں آیا تھا۔آج اگر ہم دیگر اقوام سے اپنا موازنہ کریں تو وہ ہم سب بہت آگے نکل چکی ہیں جس کی ایک بڑی وجہ تدریس وتحقیق پر سرمایہ کاری ہے ۔پاکستان کو معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ، آزادی کی قدروقیمت ان خطوں کے لوگوں سے پوچھو جو غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔پاکستان میں وسائل اور ذہانت کی کمی نہیں اگر ہم بھائی چارے کا مظاہرہ کریں اور سچے دل سے اپنے فرائض منصبی اداکریں تو پاکستان دنیا بھر میں وہ مقام حاصل کرسکتا ہے جس کا خواب قائد اعظم اور ان کے رفقاءکار نے دیکھا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زارپر منعقدہ یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات ،مختلف شعبہ جات کے صدور،ڈائریکٹر سینٹر وانسٹی ٹیوٹس ،رجسٹرار جامعہ کراچی ،مشیر امورطلبہ، اساتذہ طلباوطالبات اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستان کی 65 فیصدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہی کسی بھی ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہوتے ہیں ۔تخلیقی سوچ اور جدت پسندی کو فروغ دے کر ہی ہم پاکستان کی معیشت کو مضبوط بناسکتے ہیں ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے تعلیم کو زندگی اور موت کا مسئلہ قراردیا لیکن اس کے باوجود پاکستان میں تعلیم پر سرمایہ کاری کو بوجھ سمجھا جاتاہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ تدریس وتحقیق پر سرمایہ کاری کرنے والی قومیں پوری دنیا کے لئے ایجاد واختراع کی مثالیں بن چکی ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے دفتر مشیر امور طلبہ اور بالخصوص مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔قومی نغمہ پیش کرنے والے طلبہ اور اپنے اپنے فن کا مظاہر ہ کرنے والے دیگر طلباوطالبات کو سراہا۔تقریب میں جامعہ کراچی ڈیبیٹ اور میوزک سوسائٹی کی جانب سے نیا قومی نغمہ ”قوت اخوت عوام“ جاری کیاگیا جبکہ تھیڑ اینڈڈرامہ سوسائٹی کی جانب سے یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی طور پر تیارکیاجانے والا ڈرامہ پیش کیا گیا۔آرٹس اینڈ کلچر سوسائٹی کی جانب سے پینٹنگ جبکہ انکلوسیواسٹوڈنٹس سوسائٹی قومی نغمہ سائن لینگویج میں پیش کیا جس کو حاضرین نے بیحد سراہا ۔تقریب میں دفترمشیر امور طلبہ کے تحت قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے168 طلباوطالبات کو بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی میڈلز تفویض کئے گئے جبکہ رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے والے 162 طلباوطالبات میں سرٹیفیکٹ تقسیم کئے گئے۔دریں اثناءشیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں شعبہ جاتی سطح پر یوم آزادی کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر خالد عراقی
پاکستان کو معاشی و سیاسی طور پر مضبوط کرنے کےلئے سب کو مثبت کردار اداکرنا ہوگا‘ جامعہ کراچی میں ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے خطاب
Aug 17, 2022