سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم سے پی ٹی آئی کو جوڑنا غلط ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمق لوگ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کیخلاف مہم چلارہے ہیں جبکہ آج پاکستان کو جو متحد رکھ سکتی ہے وہ تحریک انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں جبکہ ہماری آزادی کی تحریک بنیادی انسانی حقوق کے لیے ہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی آواز پر عوام تمام شہروں میں اکٹھی ہوتی ہے اور ایسا پاکستان میں بہت ہی کم دیکھنے کو ملتاہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے علاوہ کوئی ایسی آواز نہیں جو پاکستان کو اکٹھا کرسکے کیونکہ پی ٹی آئی کی جڑیں چاروں صوبوں میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ججز انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے ہوتے ہیں اور ہمیں امید ہے سیشن عدالت سے اچھا فیصلہ آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ شہبازگل کے جسمانی ریمانڈ کیس پر تین گھنٹوں کے طویل دلائل دیےگئے ہیں اور اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شہبازگل سے ملنے سے روکا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حسن نواز کے بجائے شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا جو کہ ایک احمقانہ فیصلہ ہے کیونکہ حسن نوازسےمتعلق شہزاداکبر کےالزامات سنجیدہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کوحسن نوازکو الزامات کی بنیاد پر طلب کرنا چاہئے اور شہبازگل پر تشدد کیخلاف بھی انکوائری بورڈ بننا چاہئے۔