حکومت شہباز گل پر تشدد کرکے من گھڑت بیان لینا چاہتی ہے،اسد عمر

خواجہ آصف ہمیں کہہ رہے ہیں ہم محب وطن نہیں، وزیر دفاع نے ماضی میں خود متنازع بیانات دیے،پریس کانفرنس

پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما  اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع ہمیں کہہ رہا ہے ہم محب وطن نہیں، وزیر دفاع نے ماضی میں خود متنازع بیانات دیے،حکومت شہباز گل پر تشدد کرکے من گھڑت بیان لینا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے پی ٹی آئی رہنماوں پرویز خٹک، اسد قیصر اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اسد عمر نے کہا کہ سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، سب کو نظر آرہا ہے کہ کیا ہو رہا ہے،  خواجہ آصف بتائیں فلور آف دی ہاوس پر فوج کے خلاف کیوں بیان دیا تھا؟ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز گل پر بدترین جسمانی تشدد کیا گیا، ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ ان کا مقصد تشدد کرکے من گھڑت بیان لینا ہے، جسمانی تشدد ہوچکا ہے، شواہد عدالت میں جج کو دکھا چکے ہیں۔ جہاں پر شہباز گل کو رکھا جائے اس جگہ کا سب کو پتہ ہو، یقین دہانی کروائی جائے کہ شہباز گل پر تشدد نہ ہو، واضح طور پر ایک دفعہ تشدد کرکے قانون کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔  اسد عمر نے کہا کہ وزیر دفاع کی اسٹیٹمنٹ بڑی مضحکہ خیز ہے، ماحول بنانے کی کوشش کی گئی کہ تحریک انصاف نے فوج کے خلاف مہم چلانے کی کوشش کی، سب کے سیاسی میدان ختم ہو رہے ہیں، عمران خان ان سے سنبھالا نہیں جا رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے اس حکومت سے پنجاب چھینا، ہر علاقے کے لوگ آج عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں ان سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں  اسد عمر نے کہا کہ پرچے ان پر بھی کٹنے چاہئیں، ان سے بھی سوال کرنا چاہیے۔ صحافی کے ایک سوال پر پی ٹی آئی رہنما  اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے کہا ہے ایف آئی اے بتائے کس قانون کے تحت کارروائی کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن