لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری،چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈینگی کے تدارک کے حوالے سے ایوان اوقاف میں منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کیلئے سرویلنس ضروری،ماحولیاتی پاکیزگی کیلئے سٹیٹ کے ساتھ سوسائٹی بھی اپنا کردار ادا کرے۔ڈینگی کی روک تھام کیلئے حکومت مستعداور محراب و منبر سرگرمِ عمل ہیں، علماء دفاع پاکستان کے تقاضوں سے آگاہ اور استحکام وطن کے حوالے سے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔وبائی امراض سے چھٹکارے کے لیے تعلیماتِ نبوی سے استفادہ لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بارش کے موسم میں ڈینگی کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر گھروں، دوکانات اور پارکس کی چیکنگ کا اہتمام کرتے ہوئے روم کولرز، آرائشی گملوں، گاڑیوں کے خراب ٹائر ز، پارکس یا چھتوں پر کسی بھی برتن وغیرہ میں پانی کھڑا نہ ہونے دیاجائے،جبکہ ایئرکنڈیشنر سے خارج ہونے والے پانی کی نکاسی کا مناسب بندوبست کیا جائے۔