لاہور(کامرس رپورٹر) ڈائریکٹر کالجز لاہور پروفیسر محمد زاہد میاں کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے ویب سائٹ لانچ کر دی گئی۔ ویب سائٹ کا باقاعدہ افتتاح گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین گلبرگ لاہور میں سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن آغا محمد علی عباس کے دست مبارک سے کیا گیا۔ پوری ڈویژن کے تمام اساتذہ اور طلباء و طالبات اور ان کے والدین اس ویب سائٹ سے مستفید ہوں گے۔ آج یوم آزادی کے موقع پرگورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین گلبرگ لاہور میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کالجز لاہور ڈویژن لاہور کی پہلی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر سید انصر اظہر ڈائریکٹر آف پبلک انسٹرکشن کالجز پنجاب، ڈائریکٹر کالجز لاہور ڈویژن پروفیسر محمد زاہد میاں، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ پلاننگ ڈاکٹر شہزاد منور چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن نورین اختر اور ڈائریکٹریٹ کے سٹاف نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیشل سیکرٹری گورنمنٹ آف پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آغا محمد علی عباس تھے۔ جنہوں نے ویب سائٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ہائر ایجوکیشن کی جانب سے ویب سائٹ ڈیزائن کرنے اور تیار کرنے پر اور بیلوث اپنی خدمات سر انجام دینے والے میاں ساجد کو نقد انعام اور تعریفی سند پیش کی گئی۔ تقریب کے آخر میں وائس پرنسپل ڈاکٹر شگفتہ گلریز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر ’’ آزادی کیک‘‘ کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
ڈائریکٹوریٹ آف کالجز لاہور کی پہلی مرتبہ آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح
Aug 17, 2023