کراچی (کامرس رپورٹر) آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کا ایک اہم اجلاس کراچی ٹمبر مرچنٹ گروپ کے دفتر پرانا حاجی کیمپ، ٹمبر مارکیٹ میں منعقد کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ،صدر کراچی ٹمبر مرچنٹس گروپ،چیئرمین آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن، محمد شرجیل گوپلانی نے کی، جس میں کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے اراکین اور تاجر برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ، ناجائز بلوں، اور حکومت کے معاملات کے بارے میں اہم اعلانات کیے گئے۔شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کے بلوں کی ادائیگی فوری طور پر روک رہے ہیں، ہم پچھلے 6 ماہ سے اس سلسلے میں احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں، لیکن کے الیکٹرک ہمیں بجلی فراہم نہیں کررہا۔ ہم نے منسٹر آف پاور خرم دستگیر کو بھی خطوط لکھے، مونس علوی اور ڈائریکٹر آئی بی سی کو بھی خطوط لکھے، ہم نے چیئرمین کے الیکٹرک سمیت ہر اہم عہدے پر موجود شخص کو خط لکھ مگر کسی نے کان نہیں دھرا۔شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم نے نشتر روڈ پر احتجاج کیا، پریس کانفرنس بھی کیں، ہم نے کئی مرتبہ صدیق وہاب روڈ پر احتجاج کیا، ہم نے اس سلسلے میں گورنر ہاؤس تک ریلی بھی نکالی اور گورنر صاحب کو شکایت بھی درج کرائی، لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں کیا گیا۔