کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین نیشنل بزنس گروپ پاکستان میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی جانب سے سابقہ حکومت کی پالیسیاں جاری رکھنے کی یقین دہانی بروقت اور خوش آئند ہے، اس یقین دہانی سے کاروباری برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے جو اہم معاشی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی کے امکان سے خوفزدہ تھی، سابقہ حکومت کی پالیسیوں پر عمل درامد کا مطلب یہ بھی ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ڈی ریل نہیں کیا جائے گا جو پاکستان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے ضروری ہے تاہم آئی ایم ایف کے نومبر میں ہونے والے جائزے کے لئے مطلوبہ اصلاحات بروقت مکمل کی جائیں ورنہ ائی ایم ایف پروگرام ڈی ریل ہو جائے گا اور ملکی مسائل بڑھ جائیں گے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے حلف اٹھاتے ہی ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور سٹاک مارکیٹ میں 400 سے زیادہ پوائنٹس کی کمی تشویش ناک ہے، برامدات اور ترسیلات زر میں کمی کا رحجان بھی جاری ہے جو معاشی بحران کے گہرا ہونے کی علامات ہیں۔