لاہور(کامرس رپورٹر) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے ریڈی ایشن ڈپارٹمنٹ میںجدید ترین ہیلسیون لینئیر ایکسلیریٹر مشین کا افتتاح کر دیا گیا۔ مشین کا افتتاح کینسر کی ایک مریض بچی عیزہ فاطمہ نے ربن کاٹ کر کیا ۔ اس موقع پر شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف ، سینئر مینجمنٹ کے ساتھ ریڈی ایشن ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز اور عملہ موجود تھا۔ ڈاکٹر عاصم یوسف نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے علاج میں کیمو تھراپی ، جراحی یا ریڈی ایشن یعنی بجلی کی شعاعوں کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس وقت شوکت خانم ہسپتال لاہور کا ریڈی ایشن ڈپارٹمنٹ نہ صرف ملک کا سب سے بڑا ریڈی ایشن ڈپارٹمنٹ ہے بلکہ یہاں اس حوالے سے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مشینیں بھی دستیاب ہیں ۔ یہ اس ڈپارٹمنٹ کی پانچویں مشین ہے جو پہلے سے بھی زیادہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل ہے۔ اس کے کچھ خاص فیچرز ہیں جیسا کہ یہ بہت تیزی سے مریض کو ٹریٹ کرتا ہے جس سے مریض کو زیادہ دیر لیٹنا نہیں پڑتا۔ اسی طرح یہ مشین زیادہ محفوظ ہے۔ اس میں سامنے اور اندر کی جانب کیمرے لگے ہوئے ہیں جن کی بدولت مریض کی حالت پر باہر سے با آسانی نظر رکھی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اس مشین میںزیادہ درستگی کے ساتھ صرف کینسر سے متاثرہ حصے پر شعاعیں لگا نے کی صلاحیت ہے جس کی وجہ سے مریض کے جسم کے صحت مند حصے شعاعوں کے منفی اثرات سے محفوظ رہتا ہے ۔ ایک اور اہم بات اس ضمن میں یہ ہے کہ تیز رفتار ہونے کی وجہ سے اس مشین کی بدولت اب ہم زیادہ مریضوں کو سہولت فراہم کر سکیں گے۔ شوکت خانم ہسپتال میں 75فیصد سے زیادہ مریضوں کا بلا معاوضہ علاج کیا جاتا ہے اور ہمارے ہسپتال میں ہر وقت مریضوں کی تعداد بہت زیادہ رہتی ہے اس جدید مشین کی بدولت اب ہمارے پاس آنے والے زیادہ مریض اس اعلی ٰ ترین طریقہ علاج سے بلا معاوضہ مستفید ہو سکیں گے۔