لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 74 خواتین کرکٹرزکیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔اس ضمن میں ان 74کرکٹرز کو گیارہ ماہ کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دیئے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ 74 خواتین کرکٹرز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو اپنی محنت اور ٹیلنٹ کی بدولت یہ کنٹریکٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ہماری خواتین کرکٹرز نے مستقل مزاجی سے اپنی مہارت دکھائی ہے اور یہ بہترین موقع ہے کہ ہم انہیں وہ پلیٹ فارم مہیا کریں جن کی وہ مستحق ہیں۔ یقین ہے کہ ان کھلاڑیوں کو بااختیار بنانے سے نہ صرف کھیل کا معیار بلند ہوگا بلکہ نئی لڑکیوں کو بھی یہ کھیل اپنانے کا شوق پیدا ہوگا۔