لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ سکواڈ کے پاکستان میں دستیاب کھلاڑی آج سپورٹ سٹاف کے ہمراہ سری لنکا روانہ ہوں گے۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 22 اگست کو کھیلا جائیگا۔افغانستان کیخلاف سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان میں دستیاب کرکٹرز کا کیمپ لاہور میں لگایا گیا جو 3 روز کی ٹریننگ کے بعد ختم ہوگیا۔آخر ی روز کھلاڑیوں نے سیناریو میچ کھیلا۔ میچ کے دوران فہیم اشرف کی ٹانگ پر سلمان علی آغا کی شاٹ لگ گئی اور وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔ٹیم مینجمنٹ کے مطابق انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں۔ سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، سعود شکیل، محمد رضوان، طیب طاہر، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور وسیم جونیئر سپورٹ سٹاف کے ہمراہ آج دوپہر کو سری لنکا روانہ ہوں گے۔قومی سکواڈ 18 اگست کو ہمبنٹوٹا میں اکٹھا ہوگا۔ ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ سلیکشن مشکل ضرور لیکن پلیئنگ الیون کے حوالے سے کلیئر ہیں۔ کھیل کے مطابق پلان بھی کیا ہے، مکی آرتھر کیساتھ مکمل رابطے میں ہیں، ان کا نہ ہونا مشکل یا چیلنجنگ نہیں ہے،ہم روزانہ رابطہ کرتے ہیں۔ مکی آرتھر 23اگست کو ٹیم جوائن کر رہے ہیں، وہ بھارت کیخلاف میچ تک ہمارے ساتھ ہوں گے۔ مڈل آرڈر میں مشکل رہی ہے اور اس پر کام کیا ہے۔ انضمام الحق جیسے تجربہ کار کا ساتھ ہونا بہت اچھا ہے، صرف ایک میچ پر فوکس کرتے نہیں،افغانستان کیخلاف میچ پر نظر ہے۔افغانستان ٹیم ٹف ٹیم ہے، کھیلنے کے سٹائل کے حوالے سے ہمارا مائنڈ سیٹ بہت کلیئر ہے۔ فہیم کا ون ڈے کرکٹ میں آنا اچھی بات ہے، آل رائونڈر سے امید ہے کہ وہ گیم کو فنش کریں گے، افتخار احمد ،شاداب خان، نواز کو اعتماد دینا ہے، ہمارے پاس اچھے آپشنز ہیں، سری لنکا کی کنڈیشنز مشکل نہیں ہوں گی، اٹیکنگ اپروچ ہی اپنائیں گے۔
حریف ٹیم کنڈیشنز مشکل نہیں، اٹیکنگ کھیلیں گے: گرانٹ بریڈبرن
Aug 17, 2023