90 روز میں الیکشن کرائیں، شاہ محمود کا نگران وزیراعظم کو خط

Aug 17, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے 90 روز میں انتخابات کیلئے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کور کمیٹی کی ایما پر نگران وزیر اعظم کو خط تحریر کرتے ہوئے کہا کہ ملک دستور کی مکمل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ سابق حکومت نے ریاستی اداروں کو آئین کے مطابق چلانے کی بجائے اپنی جگہ بنانے اور خود کو احتساب سے بچانے کیلئے ایک کے بعد دوسرا حربہ استعمال کیا جس سے ریاست کی بنیادوں کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے مردم شماری کے نتائج کی تاخیر سے منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے معاملے کو انتخابات میں التوا کا بہانہ ہر گز نہیں بنایا جا سکتا، ہم مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انتخابات کی ساکھ کیلئے لازم ہے کہ فریقین کو انتخابی مقابلے کیلئے مساوی میدان فراہم کیا جائے۔ موجود حالات میں آپ کا منصفانہ طرزِعمل جمہوری اقدار پر عوام کے اعتماد میں پختگی و تقویت کا موجب بنے گا، ہم آپ کو سونپے جانے والے اس عظیم فریضہ کی انجام دہی میں آپ کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

مزیدخبریں