لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا ساڑھے 3گھنٹے طویل دورہ کیا۔ محسن نقوی کچہری سٹیشن سے میٹرو بس میں سوار ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنا اور عملے کا خود ٹوکن خریدا اور جنازہ گاہ سٹیشن تک سفر کیا۔ میٹرو بس کے اے سی خراب تھے، شدید گرمی و حبس سے مسافروں کا برا حال تھا۔ مسافروں نے شکایات کی کہ میٹرو بسوں کے اے سی 6 ماہ سے خراب ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میٹرو بسوں کے اے سی جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ طلبا وطالبا ت میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں مفت سفر کرسکیں گے۔ اس ضمن میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو سمری بھجوانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بس میں مسافروں سے سفری سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہائی کرائی۔ محسن نقوی نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے انارکلی سٹیشن کا دورہ کیا۔ واش رومز بند تھے، پانی غائب تھا، ٹوکن والی مشینیں خراب تھیں اور مسافروں کی لمبی قطاریں لگی تھیں۔ محسن نقوی نے سٹیشنز پر ناکافی سہولتوں پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر طلب کر لیا۔ محسن نقوی نے اپنے اور عملے کیلئے ٹوکن خریدے اور ٹرین میں سوار ہوئے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انارکلی سٹیشن سے علی ٹاؤن تک سفر کیا اور سٹیشن پر ٹوکن مشین اور دیگر سہولتیں چیک کیں۔ علی ٹاؤن سٹیشن پر بھی مسافروں کی لمبی قطاریں تھیں۔ مسافروں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ محسن نقوی نے میٹرو کارڈ کو آن لائن یا کریڈٹ کارڈ سے چارج کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے سفر کے دوران مسافروں سے بات چیت کی اور سفری سہولتو ں کے بارے میں پوچھا۔ مسافروں نے ٹوکن مشینوں کے خراب ہونے اور واش رومز بند ہونے کے بارے میں شکایات کیں۔ محسن نقوی نے علی ٹاؤن سے لکشمی چوک تک واپسی کا سفر بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین پر کیا۔ لکشمی چوک جانے کے لئے وزیراعلیٰ محسن نقوی اپنے اور سٹاف کے لئے ٹوکن خرید کر سوار ہوئے۔ مسافروں کے لئے ٹوکن کاؤنٹر پر رش ختم کرنے کے لئے موثر اقدامات کا حکم دیا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین میں خواتین کیلئے سفری سہولتوں میں اضافے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بزرگ مسافروں سے نشستوں پر جاکر مصافحہ کیا اور خواتین سے بھی سفری سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈی سی آفس لاہور میں رجسٹری برانچ کا دورہ کیا۔ رجسٹری برانچ کا عملہ غائب اور کرسیاں خالی تھیں۔ وزیراعلیٰ نے عملے کی حاضری چیک کی اور رجسٹرار آفس میں موجود شہریوں کے مسائل سنے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سب رجسٹرار داتا گنج بخش ٹاون آفس میں عملے کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہارکیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ سائلین کو رجسٹری کی دستاویزات کی فراہمی 24گھنٹے کے اندر یقینی بنائی جائے اور دفتری اوقات کے دوران عملے کو ہر صورت دفتر میں موجود رہنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ طلبہ سے کئے گئے وعدے کے مطابق پنجاب پبلک لائبریری کے ریڈنگ ہال کی تزئین و آرائش 5 روز میں مکمل کر لی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب پبلک لائبریری کے دورے کے موقع پر لائبریری کے ریڈنگ ہال کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے رات شاہدرہ فلائی اوور اور امامیہ کالونی پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی میٹریل کی لفٹنگ کا کام جلد ازجلد کیا جائے اور فلائی اوور کے نیچے اور اطراف ضروری کاموں کو فی الفور شروع کیا جائے۔ محسن نقوی نے رات گئے شاہدرہ ہسپتال کا دورہ کیا۔ وارڈز میں اے سی چل رہے تھے اور ڈاکٹرز اور نرسز بھی موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کی صورتحال میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔پنجاب میں تعینات ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی کے عہدوں پر ترقی پانے والے پولیس افسروں کو پروموشن بیجز لگانے کی تقریب وزیر اعلی آفس میں منعقد ہوئی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ پولیس افسروں کو پروموشن بیج لگائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گریڈ21 اور گریڈ 20 میں پروموٹ ہونیوالے پولیس افسران کو مبارکباد دی۔
محسن نقوی کا میٹروبس، اورنج ٹرین ، پنجاب لائبریری، رجسٹری برانچ کا دورہ، ناکافی سہولیات پر برہم
Aug 17, 2023