لاہور،اسلام آباد (نامہ نگار،خبرنگار،نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سمیت سیاسی قائدین نے جڑانوالہ میں پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسیحی برادری کے ووٹ سے بنا تھا، ایسے محسنوں کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ مسیحی برادری نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کیلئے خون دیا ہے، ہم یہ قربانیاں اور وطن کی خدمت ہرگز نہیں بھول سکتے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں، ہمارے مذہب میں عبادت گاہوں کے احترام کا درس دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیرخارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ جڑانوالہ میں کشیدگی پر قابو پانے اور قیام امن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ پیپلزپارٹی مذہبی ہم آہنگی اور تمام عقیدوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے تحفظ کی علمبردار ہے۔مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی ریاست اقلیتوں کو مساوی حقوق اور تحفظ دینے کی پابند ہے،اشتعال انگیزی اور انتہا پسندی کسی کے حق میں نہیں۔جبکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قیام پاکستان اور دفاع پاکستان میں مسیحی برادری نے اہم کردار ادا کیا، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ایسے واقعات قومی ندامت اور شرمندگی کا باعث بنتے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو داغدار کرتے ہیں، کسی شہری کے کسی حق یا کسی قانون کی خلاف ورزی ہو تو قانون کا راستہ اپنانا لازم ہوتا ہے، ہر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو معاشرہ جنگل بن جائے گا۔قبل ازیں سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور ملک احمد خان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پارٹی رہنمائوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے اور ملک کو معاشی استحکام دینے کے لئے شہباز شریف کی بطور وزیراعظم خدمات کو سراہا۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16ماہ میں تاریخ کا کٹھن ترین سفر طے کیافخر ہے کہ سیاست کا نہیں، صرف ریاست اور عوام کی بھلائی کا سوچاعوام کو معاشی مسائل سے نجات اور ملک کو معاشی خود انحصاری کی منزل پر پہنچائیں گے سابق وزیر اعظم نے ملک، عوام اور پارٹی کے لئے خواجہ سعد رفیق اور ملک احمد کی خدمات کو سراہا۔