پٹرول کی قیمت میں اضافہ، مہنگائی کا طوفان، کرائے 30فیصد تک بڑھ گئے، مسافروں کی جھڑپیں ، ڈالر بے قابو

لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد (خبر نگار‘ کامرس رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ گیا ہے۔ کرایوں میں 10 سے 30 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے جس سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔ تعمیراتی سریے کی قیمت 10 ہزار روپے فی ٹن بڑھ گئی۔ دوسری طرف ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں مسلسل کمی کے باعث ڈالر کی قیمت بے قابو ہو گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام میل ایکسپریس ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد جبکہ مال گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کرایوں میں کئے گئے اضافے کا اطلاق آج 17 اگست سے ہو گا۔ ترجمان ریلویز کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق میل‘ ایکسپریس‘ انٹر سٹی‘ شٹل‘ مسافر اور مال بردار ٹرینوں پر بھی ہو گا۔ ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں 20 سے 30 تک اضافہ کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ مالکان اور مسافروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1800 سے بڑھا کر 2300 روپے کر دیا گیا۔ جبکہ لاہور سے مانسہرہ کا کرایہ 2400 سے بڑھ کر 2800 روپے ہو گیا۔ مظفر آباد کا کرایہ 2500 سے بڑھا کر 2900 روپے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کا کرایہ 300 روپے اضافے کے بعد 2500 روپے ہو گیا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کا کرایہ 4500 سے بڑھا کر 5000 روپے کر دیا گیا۔ فیصل آباد کا کرایہ 650 سے 800 روپے اور مردان کا کرایہ 1800 سے بڑھ کر 2100 روپے ہو گیا۔ اسی طرح کراچی کا کرایہ 4800 سے بڑھا کر 5200 روپے کر دیا گیا۔ تمام انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے نئے کرائے نامے آویزاں کر دئیے۔ دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز مقامی تھوک مارکیٹ میں گزشتہ روز ایک کلو چینی کی قیمت میں 5روپے اضافہ ہو گیا جس سے اس کی قیمت 143 روپے سے بڑھ کر 148روپے ہوگئی جبکہ اس کی پرچون قیمت 170روپے ہوگئی۔ فلور ملوں کے مالکان نے رابطہ کرنے پر بتا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 روپے اضافے کا تخمینہ ہے جس سے 20کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون  قیمت جو اس وقت 2800روپے ہے بڑھ کر 2820روپے ہو جائے گی۔ ادھر ملک میں تعمیراتی سریے کی فی ٹن قیمت میں 10 ہزار روپے اضافہ کردیا گیا۔ 10 ہزار روپے کے حالیہ اضافے کے بعد ملک میں تعمیراتی سریے  کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ صدر آئرن سٹیل مرچنٹ ایسوسی ایشن حماد پونا والا کا کہنا ہے کہ ڈالر کے بڑھتے ہوئے بھاؤ کی وجہ سے لوہے کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دوسری طرف انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے 13 پیسے کے اضافے سے 294 روپے 63 پیسے کی سطح پر آ گئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے اضافے سے 303 روپے کا ہو گیا۔ زرمبادلہ کے گھٹتے ذخائر‘ بیرون مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 19 فیصد کی کمی اور درآمدی ضروریات کے دباؤ کے باعث انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بیرون ملک جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے طلباء کی فیسوں اور عمومی خریداری سرگرمیوں کے باعث ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے۔ مارکیٹ میں ملکی زرمبادلہ کے محدود ذخائر اور معاشی مستقبل سے متعلق غیر یقینی کیفیت عمومی سطح پر ڈالر کی اہمیت بڑھا رہی ہے جو روپے کی قدر کو غیر مستحکم کر رہی ہے۔ ادھر آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے بڑھ کر  2 لاکھ 23 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 771 روپے اضافے سے 191872 روپے ہے۔ جبکہ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 2 ڈالر اضافے سے 1905 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...