واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی ریاست ہْوائی کے ماوئی جنگلات میں لگنے والی آگ پر 6 روز بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا جب کہ ہلاکتوں کی تعداد106 تک جا پہنچی۔ حکام نے گمشدہ ہونے والے افراد کا سراغ نہ ملنے کے سبب مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ کاؤنٹی ماوئی کے جنگلات میں لگنے والی آگ ملک کی 100 سالہ تاریخ کی بدترین تباہی والی آگ ثابت ہوئی۔ آتشزدگی کے پہلے روز 6 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ دوسرے روز مزید 30 افراد کی ہلاکت سے تعداد 36 جب کہ تیسرے روز 19 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد 55 ہوگئی تھی اور یہ تعداد روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے بڑھتے 106 ہوگئی۔ لاشوں میں سے بیشتر جل کر راکھ ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے اْن کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔