اسلام آباد: ملک بھر کی صحافتی تنظیموں نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ترمیمی بل کو باضابطہ طور پر منظور کرنے پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایمینڈ، پی ایف یو جے، سی پی این ای، اے پی این ایس اور پی بی اے نمائندوں پر مشتمل میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری پر مشترکہ طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔اپنے ایک بیان میں میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت نے فیک نیوز کی تعریف، میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی اور چیئرمین پیمرا کے پارلیمان کے ذریعے تقرر جیسی ترامیم سے اتفاق کیا، جو قابلِ ستائش ہے۔
بیان میں میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کا یہ اقدام آزاد پیمرا کی جانب پہلا قدم قرار دیا جاسکتا ہے جس پر صحافتی تنظیمیں صدرِ مملکت کا بل پر دستخط کرنے کیلئے شکریہ ادا کرتی ہیں۔ صدر کا ترامیم کی اہمیت کو سمجھنا قابلِ تعریف ہے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 2 روز قبل پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی .جس سے پیمرا ترمیمی بل قانون کی حیثیت حاصل کرچکا ہے. جس کے مطابق چیئرمین پیمرا کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کرے گی جس میں قومی اسمبلی و سینیٹ کے 2، 2 اراکین شامل ہوں گے۔