لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی احسان نے کہا فائر وال کے عجلت میں نفاذ سے سنگین نتائج برآمد ہوئے تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری کو بد ترین تباہی کا سامنا ہے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ فی الفور مشاورت کا آغاز کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔فائر وال کے نفاذ نے بہت بڑے چیلنجز اور بحران کو جنم دیا ہے۔ انٹرنیٹ منقطع ہونے اور وی پی این کی کارکردگی نہ ہونے کی رکاوٹوں کی وجہ سے ابتدائی طور پر آئی ٹی کی خدمات اور سروسز کی مد میں300 ملین ڈالر تک نقصان کا تخمینہ ہے اور یہ سلسلہ بر قرار رہنے کی وجہ سے نقصان میں مزید تیزی سے اضافہ ہوگا۔