ویسٹ مینجمنٹ کے دائرہ کار میں توسیع سیلاب سے بچاو کیلئے اقدامات

Aug 17, 2024

فرحان راشد میر 

 فرحان راشد میر

اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی حکومت کے ترقیاتی یا عوامی فلاحی اقدامات کی کامیابی یا ناکامی کا انحصار بیوروکریسی پر ہوتاہے‘  حکمرانوں کی طرف سے عوام کے مسائل کے حل کیلئے جن اقدامات کا اعلان کیا جاتاہے ان اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اصل کردار بیوروکریسی ادا کرتی ہے ۔اس لئے ضروری ہے کہ حکومت کی طرف سے جو اقدامات اٹھائے جائیں ان کی تکمیل کیلئے نیک نام اور محنتی افسران کا انتخاب کیا جائے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز سب سے بڑے صوبے کی 19 ویں وزیراعلی ہیں۔ ان کو پنجاب کی پہلی  خاتون وزیراعلی ہونے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔ مریم نواز  نے وزیراعلی پنجاب منتخب ہونے کے بعد لا اینڈ آرڈر، ایجوکیشن،ہیلتھ،انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے 4 جولائی کو بطور وزیراعلی اپنے پہلے دورہ گوجرنوالہ کے موقع پرگوجرانولہ کیلئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا۔ جن میں میٹرو بس سروس، چن دا قلعہ فلائی اوور، سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال، چلڈرن ہسپتال، سڑکیں اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ اپنے دورہ گوجرانوالہ کے دوران مریم نواز کو کمشنر ہاؤس میں ایک بریفننگ بھی دی گئی۔ اس دوران انہوں نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ کمشنرگوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اچھی شہرت رکھنے والے  قابل آفیسر ہیں۔ وہ پنجاب حکومت کی طرف سے  عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے بلا روک ٹوک اوپن ڈور پالیسی کے تحت ان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔  گوجرانولہ میں جاری منصوبوں کے حوالے سے کمشنر گوجرانولہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے نمائندہ خصوصی نوائے وقت سے ملاقات کے دوران بتایا کہ  وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے  دورہ گوجرانوالہ کیلئے جن میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا تھا۔ ان پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ میٹرو بس سروس اور چن دا قلعہ فلائی اوور کی فزیبیلٹی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ موٹر وے لنک پر عوام کی سہولت کیلئے ایک لوپ کی منظوری بھی  لی گئی ہے۔ پہلے عوام کو ایمن آباد یو ٹرن  سے لمبا چکر کاٹ کر شہر کی طرف آنا پڑتا تھا۔ اب اس لوپ سے وہ واپس شہر کو آ سکیں گے۔
 نوید حیدر شیرازی نے نوائے وقت کو بتایا کہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری اور جدید سہولیات کی فراہمی مریم نواز کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کیلئے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک ہسپتال کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کے  5 شعبے مکمل فنکشنل ہیں۔ 5 مزید نئے بلاکس پر تیزی سے کام جاری ہے۔جن میں ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈ، گائنی وارڈ، اپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں کا 98 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ اور اگست  کے آخرتک چلڈرن ہسپتال اور برن یونٹ  مکمل ہو جائے گا۔
کمشنر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوشیو اکنامک رجسٹری مریم نواز کا ایک ایسا انقلابی منصوبہ ہے۔ جس کی طرف اس سے قبل کسی حکومت نے توجہ نہیں دی تھی۔اس منصوبے کیلئے پانچ ہزار سے زائد سنٹر زقائم کئے گئے ہیں۔ اس پورٹل سے حقدار تک پہنچنے میں آسانی ہوگی اور عوام حکومت کی مستقبل میں آنے والی فلاحی اسکیموں کے ثمرات سے بھی  مستفید ہوسکیں گے۔  اب عوام خود گھر بیٹھ کر بھی پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ اور ہیلپ لائن 080002345 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ 
انہوں  نے بتایا کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں درپیش عوامی مشکلات سے حکومت بخوبی آگاہ ہے۔بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور غریب لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے حکومت صوبہ بھر میں 45 لاکھ صارفین کے لیئے سولر پینلز کا منصوبہ لا رہی ہے۔ جس سے بجلی کے بل آدھے رہ جائیں گے۔ 
ڈویژن بھر میں شہری اور دیہی علاقوں کو صاف رکھنے  کیلئے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر محکموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ صفائی، کوڑا کرکٹ، مین ہولز و سیوریج کی صفائی، اور آوارہ کتوں کی تلفی سمیت دیگر امور پر توجہ دی جارہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر دو ہزار چھوٹی بڑی سڑکوں اور گلیوں کی دھلائی کی جارہی ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے دائرہ کار کو ڈویژن کے اضلاع اور شہری و دیہی علاقوں کے گلی محلوں تک بڑھاتے ہوئے ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔ موسم برسات کے پیش نظر سیلاب سے بچاؤ کیلئے اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ بارشوں کے بعد  پانی کی نکاسی کی مانیٹرنگ مریم نواز خود کر رہی ہیں۔ اس کیلئے واسا حکام کو ایمرجنسی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ تاکہ شہریوں کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔ نوید حیدر شیرازی نے نمائندہ نوائے وقت کو بتایا کہ ایجوکیشن پر  وزیراعلی کا بہت فوکس ہے۔ جس کے تحت حکومت جدید خطوط پر اساتذہ کی تربیت کر رہی ہے۔ سکولوں کی اپ گریڈیشن اور لیبز کو جدید بنانے کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ تمام سرکاری سکولوں میں فلٹریشن پلانٹس لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور  ہے ۔ طلبہ کو سفری سہولیات کیلئے میرٹ پر ای بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ بھی وزیراعلی پنجاب کے ویژن کا حصہ ہے۔کمشنر کا کہنا ہے کہ  گوجرانوالہ کے شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے پارکس اور شہر کی بیوٹیفیکیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔  عوام کی تفریح کیلئے گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے سامنے میوزیم بنایا جارہا ہے۔ جس میں گوجرانوالہ کی ہسٹری اور دیگر نوادرات رکھے جائیں گے۔ ایک ماہ تک یہ میوزیم اوپن کردیا جائے گا۔  کمشنرنوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ حکومتی اقدامات سے ٹیکس کولیکشن میں بہتری آئی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جس یونین کونسل سے ٹیکس اکٹھا کیا جائے اس کا استعمال اسی یونین کونسل میں کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق اشیاء  ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کیلئے ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنرز پر مشتمل کمیٹیوں کی نگرانی میں ملاوٹ سے پاک اشیاء  ضروریہ کی عوام تک فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ کرنے، دودھ، پھل سبزیاں مقررہ نرخ پر فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر جرمانے کئے جارہے ہیں۔ 

مزیدخبریں