پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ’’حنین‘‘ کا دورہ ترکیہ، مشترکہ مشن، دوطرفہ ملاقاتیں

Aug 17, 2024

 اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے ترکیہ کی بندرگاہوں گلوچک (Golcuk) اور اکساز (Aksaz) کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفارتخانے اور ترک بحریہ کے اعلی حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔ گلوچک (Golcuk) میں قیام کے دوران کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر اور گلوچک (Golcuk) نیول بیس کے کمانڈر سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اکساز میں قیام کے دوران ترک بحریہ کے کمانڈر سیکنڈ ڈسٹرائر سکواڈرن نے بھی ترک بحریہ کے جہاز ٹی سی جی گیلیبولو (GELIBOLU) کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ جہاز کا دورہ کیا۔ پی این ایس حنین اور ترک کوسٹ گارڈ کے جہاز گیلیبولو (GELIBOLU) کے مابین دسویں دوطرفہ بحری مشق (TURGUTREIS-X) بھی منعقد کی گئی۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس حنین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا موقع فراہم کریگا۔

مزیدخبریں