نارووال+ شکرگڑھ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) دریائے راوی میں سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں 55 ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے کا بھی خطرہ بڑھ گیا۔ نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال ہے۔ متعدد دیہات کی فصلیں زیر آب آگئیں۔ دوسری طرف نالہ بئیں کے سیلابی پانی میں پھنسے مختلف دیہات کے 9 کسانوں اور مویشیوں کو ریسکیو ٹیموں نے نکال لیا۔ ریسکیو نے 5 مقامات پر ایمرجنسی کیمپ قائم کر دئیے۔ ڈپٹی کمشنر نارووال حسن رضا نے دریائے راوی میں فلڈ الرٹ جاری کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے راوی کا بہاؤ 55 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔ راوی سے ملحقہ آبادیوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ گزشتہ شام آخری اطلاعات تک دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 40 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب نالہ بئیں میں گزشتہ رات سے پانی کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا نالہ بسنتر میں ڈوب کر 32 سالہ نوجوان زاہد جاں بحق ہوگیا۔ چوڑا کا رہائشی زاہد چارہ لینے کے لئے برساتی نالہ عبور کرتے ہوئے ڈوب گیا۔ متوفی کی نعش برساتی نالہ سے نکال لی گئی۔
راوی میں سیلاب خدشہ، نالہ بئیں مزید چڑھ گیا، نوجوان ڈوب کر جاں بحق
Aug 17, 2024