ہفتہ وار مہنگائی میں 0.16فیصدکمی، 19اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا : ادارہ شماریات

Aug 17, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) قلیل مدتی مہنگائی سالانہ بنیادوں پر 8 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران تنزلی کے بعد کم ہو کر 16.86 فیصد پر آگئی۔ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حساس قیمت انڈیکس (ایس پی آئی) سے پیمائش کردہ ہفتہ وار مہنگائی میں 0.16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حساس قیمت انڈیکس میں ہفتہ وار بنیادوں پر ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں سے 51 اشیائے ضرویہ کی قیمتوں کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ زیر جائزہ مدت کے دوران 19 منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ، 13 کے نرخوں میں کمی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 34.77 فیصد، انڈے 4.78 اور لہسن کی قیمت میں 1.99 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ گوشت، گڑ اور سیگریٹ بھی مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پیٹرول 3.15 فیصد اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2.44 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ حالیہ ہفتے کے دوران پیاز 4.91 فیصد اور آٹا 1.83 فیصد سستا ہوا۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ دال مونگ 1.81 فیصد، مرغی کے گوشت کی قیمت میں1.57 فیصد، کیلے کی قیمت 1.36 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.59 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق زیرہ جائزہ مدت کے دوران آلو، دال مسور اور ایل پی جی بھی سستی ہوئی۔ رواں مالی سال  کے پہلے ماہ پاکستان کی غذائی اشیا کی برآمدات میں 45 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،جولائی میں 47 کروڑ ڈالرسیزائد مالیت کی غذائی اشیا ایکسپورٹ کی گئیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 میں 47 کروڑ 57 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی خوراک ایکسپورٹ کی گئی،مقامی کرنسی میں 132 ارب 44 کروڑ روپیکی خوراک ایکسپورٹ کی گئی۔ رپورٹ کے مطانق باسمتی سمیت چاول کی ایکپسورٹ میں 135 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جولائی میں 20 کروڑ57 لاکھ ڈالرمالیت کے چاول ایکسپورٹ کیے گئے،چینی کی برآمد میں 590 فیصد اضافہ ہوا،حجم 2 کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہا،سبزیوں کی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ، 2 کروڑ 88 لاکھ ڈالرکی برآمد کی گئیں۔  پھلوں کی ایکسپورٹ میں 13 فیصد اضافہ، حجم 4 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہا،آئل سیڈز اورمیوہ جات کی برآمدات میں بھی 94 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔گوشت کی برآمدات میں تقریبا 6 فیصد اضافہ ہوا، حجم 3 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہا، تمباکو،مچھلی اور مصالحوں کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزیدخبریں