نئی دہلی(نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں لیڈی ڈاکٹر کے جنسی زیادتی اور قتل کے بعد ایک نرس کی تشدد زدہ نعش جھاڑیوں سے برآمد ہوئی جسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتراکھنڈ کے علاقے رْدرا پور میں پیش آیا۔ نرس 30 جولائی کو ہسپتال ملازمت کے لیے گئی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔ بہن نے اگلے ہی دن پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔نرس کی تلاش کے دوران اس کی نعش اترپردیش کے ضلع بلاس پور سے مل گئی۔ پوسٹ مارٹم میں نرس کے ساتھ جنسی زیادتی اور گلا گھونٹ کر قتل کرنے کی تصدیق ہوگئی۔