ڈیموکریٹس صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے معاشی ایجنڈے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نائب امریکی صدر کملا ہیرس نے شمالی کیرولائنا میں جمعہ کو ایک تقریر میں اپنے معاشی ایجنڈے کے بارے میں مزید تفصیلات سے پردہ اٹھایا ہے۔
کملا ہیرس نے الیکشن جیتنے پر ٹیکسوں میں بڑی کمی اور سبسڈیز دینے کا اعلان کیا، اور کہا کہ طبی قرضے کا خاتمہ، 25 ہزار ڈالر ہاؤسنگ اور بچوں کے لیے 6 ہزار ڈالر سبسڈی دی جائے گی، ٹرمپ نے اپنے دور میں ارب پتی تاجروں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دی تھی۔
کملا ہیرس نے اپنے معاشی ایجنڈے میں گروسری اور نسخے کی دوائیوں کی قیمت کم کرنے (انسولین پر 35 ڈالر کی سبسڈی)، اور متوسط طبقے کو تقویت دینے کے لیے ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے پر توجہ دی ہے۔
گروسری کی قیمتیں: کملا ہیرس اپنے پہلے 100 دنوں میں خوراک اور گروسری کی قیمتوں میں اضافے پر قومی پابندی کا قانون پاس کرنے کے لیے کانگریس کی مدد کریں گی، فیڈرل ٹریڈ کمیشن اور پراسیکیوٹرز کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ ان کمپنیوں کی نگرانی کریں جو قیمتوں میں اضافے کا تعین کرتی ہیں، اور چھوٹے کاروباروں کو تعاون فراہم کریں، اور بڑی گروسری کمپنیوں کے آپس میں انضمام پر گہری نگاہ رکھیں۔ نیز گوشت کی سپلائی چینز میں قیمتوں کے تعین کی ’’جارحانہ‘‘ تحقیقات کی جائیں گی۔
ہاؤسنگ کے اخراجات: پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے 25,000 ڈالر کی ڈاؤن پیمنٹ امداد فراہم کی جائے گی، اور اگلے چار سالوں میں 30 لاکھ نئے ہاؤسنگ یونٹس بنائے جائیں گے، اُن ڈویلپرز کو ٹیکس کریڈٹ دیا جائے گا جو اسٹارٹر ہومز بنائیں گے، اور ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
کرائے: اُن ہاؤسنگ ڈویلپرز کے لیے ٹیکس کریڈٹ بڑھا دیا جائے گا جو سستی ہاؤسنگ رینٹل یونٹس بنائیں گے، اور کانگریس کے ذریعے ایسی قانون سازی کی جائے گی جس کی مدد سے ان ’موقع پرست‘ سرمایہ کاروں کو روکا جا سکے گا جو کرائے کے گھر خرید لیتے ہیں اور پھر آپس میں گٹھ جوڑ کر کے کرائے میں اضافہ کر دیتے ہیں۔
چائلڈ ٹیکس کریڈٹ: خاندانوں کو نوزائیدہ بچوں کے لیے ان کی زندگی کے پہلے سال میں 6,000 ڈالر کا ٹیکس کریڈٹ دیا جائے گا، اور متوسط اور نچلے طبقے کے خاندانوں کے لیے فی بچہ 3,600 ڈالر کا وبائی دور کا ٹیکس کریڈٹ بحال کر دیا جائے گا۔
ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کملا ہیرس کا معاشی ایجنڈا موجودہ حکومتی پالیسی سے واضح ہوتا ہے، بائیڈن۔ہیرس انتظامیہ نےعوام کو مہنگائی اور بے روزگاری دی ہے۔