”لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے اچھی سروس شروع کی ‘ کرایوں میں ریلیف دیا جائے“

Dec 17, 2012

لاہور (اپنے نمائندے سے) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور ترک کمپنی کی مشترکہ کاوشوں سے ریلوے اسٹیشن تا شیخوپورہ جدید بسوں نے مقررہ روٹ پر 25 جدید سہولتوں سے آراستہ بسوں کا فلیٹ آپریشنل کر دیا گیا سروس کے پہلے روز سینکڑوں مسافروں نے نئی سروس میں سفر کیا اس موقع پر انہوں نے ”نوائے وقت“ سروے کے دوران کہا کہ پنجاب حکومت کی یہ اچھی کاوش ہے اس طرح کی سروس سے صرف پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرنے والے مسافروں کو خصوصی ریلیف ملے گا مسافروں نے کہا کہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو ان بسوں کے مالکان کو پابند کرنا ہوگا کہ وہ اب کرائے زائد وصول کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف دیں تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ سفری سہولتوں سے استفادہ کر سکیں اس حوالے سے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے ”نوائے وقت“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہ اب تک ہم نے لاہور کے 32 سے زائد اہم روٹس کو مکمل ہونے پر آپریشنل کر دیا اور شہر میں بڑی ٹرانسپورٹ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مزید ترکی سے جدید بسوں کا فلیٹ عنقریب پاکستان آنے والا ہے اور لاہور کو شیخوپورہ، قصور، رائے ونڈ، مراکے، مریدکے، کامونکی سمیت دیگر علاقوں سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں بھی بڑی اور جدید ٹرانسپورٹ مسافروں کو مہیا ہو سکے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن تا شیخوپورہ بس سروس کے مسافروں نے تاثرات میں اس خدشہ کا بھی کھل کر اظہار کیا کہ اگر یہ سروس چل پڑی تو سب سے پہلے متعلقہ کمپنی اس کے کرائے غیر معمولی بڑھا دے گی جو عام شہریوں کیلئے دینا ممکن نہیں ہوگا۔ اس لئے ایل ٹی سی کو چیک اینڈ بیلنس رکھنا پڑے گا۔

مزیدخبریں