دبئی (آن لائن) سعودی عرب کے شاہی خاندان کے کھرب پتی شہزادہ ولید بن طلال دنیا کے پہلے شخص ہیں جو ذاتی سفر کے لئے ایک بڑے ہوائی جہاز کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے نئے ملکیتی طیارے ”سپر جمبو“ ایئر بس A 380 کی کل مالیت پانچ سو ملین ڈالرز سے زیادہ ہے۔ العربیہ ٹی وی کے شہزادہ ولید بن طلال نے اپنے ذاتی مقاصد کے لئے اس میں کچھ مخصوص تبدیلیاں کرائی ہیں۔ اس میں ایک آرام کمرہ بنایا گیا ہے جس میں شہزادے کے پچیس معاونین قیام کر سکیں گے۔ ”اڑن محل“ کے نام سے موسوم خصوصی جہاز میں میٹنگ روم‘ بینکوئٹ ہال‘ پانچ شاہی کمرے‘ جائے نماز، دوران پرواز قبلے کی سمت بتانے کے خصوصی الیکٹرانک آلات نصب ہیں۔ جہاز کی تین منزلوں تک فوری رسائی کے لئے لفٹ بھی لگائی گئی ہے۔ اس میں رولز رائس کار کےلئے پارکنگ بھی ہے۔