گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ورلڈ سنوکر چمپئن محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت کرکٹ کی طرح ملک بھر میںسنوکر کی بھی اکیڈمیاں قائم کرے اور کھلاڑیوں کو مختلف ڈیپارٹمنٹس میں ملازمتیں دی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں سنوکر ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ورلڈچمپئن کو ایسوسی ایشن کی طرف سے ایک لاکھ روپے اور ٹرافی انعام دی گئی۔ تقریب میں سی پی او گوجرانوالہ عبدالرزاق چیمہ بھی موجود تھے۔ محمد آصف نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور آئندہ بھی ملک وقوم کا نام روشن کرتا رہوں گا۔ حکومت سنوکر کی سرپرستی کرے تاکہ ملک میں موجود سنوکر کا ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچ جائے۔ حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے کئی کھلاڑی دلبرداشتہ ہو کر اس کھیل کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کرکٹ ‘ ہاکی اور فٹبال کی اکیڈمیاں موجود ہیں‘ اس طرح سنوکر کی اکیڈمیوں کی بھی ضرورت ہےحکومتی سطح پر جتنے بھی انعامات کے اعلانات ہوئے ہیں تاحال ان پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
حکومت سنوکر اکیڈمیاں بناکر کھلاڑیوں کو ملازمتیں دے: محمد آصف
Dec 17, 2012