اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم بھارت میں منعدہ پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد گزشتہ روز وطن واپس پہنچ گئی ،قومی بلائنڈ ٹیم قطر ائیر ویز کے ذریعے بھارت سے شہید بے نظیر بھٹو ائیر پورٹ اسلام آباد پہنچی اور پھر بعد ازاں لاہور پہنچی ۔ائیر پورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا ۔بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی نے ائیر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ میں شکست کی بڑی وجہ بھارتی شائقین کی طرف سے جان بوجھ کر زیادہ شور مچایاگیا جس کے تحت ہم بال کی آواز نہیں سن پا رہے تھے،پھر بھی قوم سے معافی مانگتا ہوں اور اسی وجہ سے ہم سکور نہیں بنا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ،کوئی بھی ٹیم ان کے سامنے جم کر نہ کھیل سکی۔انہوں نے کہا کہ جو محلول مجھے پلایا گیا وہ فینائل نہیں شیشہ صاف کرنے والا محلول تھا ۔مجھے قے ہوگئی تھی جس کے باعث طبیعت زیادہ خراب نہیں ہوئی ،بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ نفیس احمد نے اس موقع پر کہا کہ میں ٹیم کی کارکردگی سے مکمل مطمئن ہوں ہم نے دس میچ کھیلے جس میں سے 9 میچ جیتے ہیں۔
قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال‘ شکست پر معافی مانگتے ہیں : ذیشان عباسی
Dec 17, 2012